نئی دہلی، 2جنوری(ایجنسی) زراعت، کپڑا، چمڑا، دست کاری اور مشنری سے متعلق چھوٹی صنعتوں کی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کے لئے حکومت نے ایکسپورٹروں کو بھی سود رعایت اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے انہیں چھ سو کروڑ روپے سے زیادہ کا فائدہ ہوگا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں کابینہ کی ہوئی میٹنگ میں ایکسپورٹروں کو "ایکسپورٹر سود رعایت اسکیم" میں شامل کرنے کی تجویز کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایکسپورٹروں کو سود رعایت اسکیم کی بقیہ مدت میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے ایکسپورٹروں کو تین فیصد کی شرح سود سے قرض مل سکے گی اور انہیں چھ سو کروڑ روپے کا
فائدہ ہوگا۔
انہوں نے بتایاکہ اس اسکیم میں شامل کرنے کے لئے 416مصنوعات کا انتخاب کیا گیا ہے جو محنت پر مبنی صنعتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ مصنوعات زراعت ، کپڑا، چمڑا، دست کاری اور مشنری سے متعلق ہیں۔ مسٹرپرساد نے بتایا کہ ایکسپورٹروں کو سود رعایت اسکیم میں شامل کرنے کا مطالبہ طویل عرصے سے کیا جارہا تھا ۔ اس سے مسابقت میں اضافہ ہوگا اور چھوٹے صنعتوں کے ایکسپورٹ کو فروغ حاصل ہوگا۔ ایکسپورٹ بڑھنے سے پیداوار بڑھے گا اور روزگارکے مواقع پیدا ہوں گے۔
یہ اسکیم ایکسپورٹروں کی حوصلہ افزائی کے لئے یکم اپریل 2015کو پانچ سال کی مدت کے لئے نافذ کیا گیا تھا۔