نئی دہلی، 14 مارچ (ایجنسی) پاکستانی جنگجو تنظیم جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے میں چین کی طرف سے روکاوٹ کھڑی کرنے کے معاملے پر کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو گھیرتے ہوئے کہا ہے کہ مسٹر مودی بہت کمزور وزیر اعظم ہیں اور انہوں نے چین کے اس اقدام پر اس کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں بولا۔
مسٹر راہل گاندھی نے چین کے تئيں وزیر اعظم کی پالیسی کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے خلاف کام کرنے والے چین کے خلاف مسٹر مودی نے ایک بھی لفظ نہیں بولا ہے جبکہ وہ چینی صدر شی جنپنگ کو گلے لگاتے ر ہے ہیں اور ان کے ساتھ جھولا بھی جھول چکے ہیں۔
start;">کانگریس صدر نے جمعرات کو ٹویٹ کیا کہ "کمزور مودی شی جنپنگ سے بچتے ہیں۔ چین نے جب ہندوستان کے خلاف کارروائی کی تو اس کے خلاف مسٹر مودی کے منہ سے ایک لفظ بھی نہیں نکلا"۔
انہوں نے چین کے ساتھ ہندوستان کی سفارت کاری کا مذاق اڑاتے ہوئے کہاکہ " مسٹر نمو کی چینی پالیسی ہے: گجرات میں شی جنپنگ کے ساتھ جھولا جھولو، دہلی میں شی جنپنگ سے گلے ملو اور چین میں شی جنپنگ کے سامنے گھٹنے ٹیک دو"۔
انہوں نے جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر کی تصاویر کے ساتھ اس خبر کو بھی پوسٹ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چین کی وجہ سے چوتھی بار مسعود اظہر کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار نہیں دیا گیا۔