نئی دہلی/20جولائی(ایجنسی) تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بدعنوان لوگوں کو شہ دینے اور آندھرا پردیش کے ساتھ وعدہ خلافی کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ ریاست کی تقسیم غیر سائنسی طریقے سے ہوئی اور وہاں کے لوگوں کو انصاف دینے کے لئے اسے فوری خصوصی ریاست کا درجہ دیا جانا چاہئے۔
لوک سبھا میں مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے ٹی ڈی پی کے رہنما جے دیو گلانے کہاکہ مسٹر مودی نے 2014 میں انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ تقسیم میں آندھرا پردیش کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔کانگریس نے ماں (آندھرا) کو مار ڈالا اور بچے (تلنگانہ) کو بچا لیا ہے۔ اگر میں ہوتا تو دونوں کو بچا لیتا۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کی بات سے آندھرا پردیش کے لوگوں میں اعتماد بحال ہواتھا کہ ان کے ساتھ
انصاف ہوگا۔مرکز میں ان کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت بننے کے بعد چار سال تک ریاست کے لوگ اسی امید میں رہے کہ ان کا مطالبہ پورا ہوگا لیکن مودی حکومت نے ان کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔
تحریک عدم اعتمادٹی ڈی پی کے ہی کے سرینواس نے پیش کیا اور اس پر بحث شروع کرنے کے لئے اپنی طرف سے مسٹر گلاکو مقررکیا۔
مسٹر گلانے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے دلیل دی کہ آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے سے بہار اوردیگر ریاستیں بھی اسی طرح کا مطالبہ کرنے لگیں گی۔ انہوں نے اس دلیل کو غلط بتایا اور کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے وقت اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے اسے خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا یقین دلایا تھا جبکہ دیگر کسی ریاست کے ساتھ اس طرح کی صورتحال نہیں تھی۔