بنگلورو، 20 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کرناٹک کے دو روزہ دورے پر پیر کو بنگلورو شہر پہنچے مسٹرمودی کا یلہنکا ایئر فورس اسٹیشن پہنچنے پر گورنر تھاور چند گہلوت اور وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے استقبال کیا اس دوران سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا بھی موجود تھے بنگلورو پہنچنے کے بعد وزیر اعظم یہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے براہ راست انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس (آئی آئی ایس سی) پہنچیں گے اور وہاں سنٹر فار برین ریسرچ (سی بی آر) کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد وہ بنگلور کے کومگھاٹہ میں باگَچی-پارتھا سارتھی ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کے ساتھ ساتھ 27,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے کئی ریل اور سڑک کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں
گے۔
مسٹرمودی بھارت کے پہلے ایئر کنڈیشنڈ ریلوے اسٹیشن، بائیپناہلی میں سر ایم ویسویشورایا ریلوے اسٹیشن کا بھی افتتاح کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم مہاراشٹر کے روہا سے کرناٹک کے ٹھوکر تک کونکن ریلوے لائن (تقریباً 740 کلومیٹر) کے 100 فیصد برقی کاری کا بھی افتتاح کریں گے، جو 1,280 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے۔
مسٹر مودی بنگلورو سبربن ریل پروجیکٹ (بی ایس آر پی) کے دو حصوں اور بنگلورو رنگ روڈ پروجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے، جس پر 15,700 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت آنے کی امید ہے۔
اس دو روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم مودی میسور کے مہاراجہ کالج گراؤنڈ میں ناگناہلی ریلوے اسٹیشن پر کوچنگ ٹرمینل کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔