ٹوکیو، 24 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کواڈ ممالک کی طرف سے ٹوکیو میں شروع کی گئی فیلوشپ کو ایک شاندار اور منفرد پہل قرار دیا اور ہندوستانی طلباء سے اس کے لیے درخواست دینے کی اپیل کی۔
مسٹر مودی نے کہاکہ میں ہندوستانی طلباء کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ وہ کواڈ فیلوشپ پروگرام کے لیے درخواست دیں اور سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (ایس ٹی ای ایم )کی اگلی نسل میں شامل ہوں جو انسانیت کے لیے ایک
بہتر مستقبل کی تعمیر کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ یہ باوقار فیلوشپ ہمارے طلباء کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی میں انڈرگریجویٹ اور ڈاکٹریٹ پروگراموں کے لیے بہترین مواقع فراہم کرے گی۔
کواڈ فیلوشپ ہر سال 100 طلباء کو مالی مدد فراہم کرے گی، جس میں کواڈ کے چاروں ممالک سے 25-25 طلبہ شامل ہوں گےاور انہیں امریکہ میں معروف ایس ٹی ای ایم گریجویٹ یونیورسٹیوں میں ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔