وارانسی، 13 ستمبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی اپنی پیدائش کے دن 17 ستمبر کو دو روزہ دورہ پر وارانسی آئیں گے اور ہزاروں اسکولی بچوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کے علاوہ اربوں روپے کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی سوغات اپنے پارلیمانی حلقہ کے عوام کو دیں گے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کاشی علاقہ کے صدر مہیش چندر شریواستو نے میڈیا کو بتایا کہ مسٹر مودی کے دورہ کی اطلاع ملنے کے بعد تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں۔ 17
ستمبر کو ان کا 68 واں جنم دن ہے اور انہیں امید ہے کہ وزیر اعظم وارانسی کے عوام کو پھر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی سو غات دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی یہ طے نہیں ہوا ہے کہ وہ کن پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے لئے انتظامی سطح پر تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کے دورہ سے قبل بی جے پی کارکنان خصوصی صفائی مہم چلائیں گے۔ شہر کو صاف ستھرا بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پارٹی کارکنوں سے خصوصی اپیل کی گئی ہے۔