بھوپال/2فروری(ایجنسی) کانگریس رکن اسمبلی ہیمنت کٹارے کے خلاف یہاں پولیس نے ایک لڑکی کی شکایت پر عصمت دری کا معاملہ درج کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ لڑکی کی ماں کی شکایت پر رکن اسمبلی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف اغوا کا معاملہ بھی درج ہوا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جیل میں بند لڑکی کی جیل سے باضابطہ طریقہ سے موصول تحریری شکایت کی بنیاد پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) دھرمیندر چودھری کی ہدایت پر کل رات خواتین تھانہ میں عصمت دری کا معاملہ درج کیا گیا۔
اس کے علاوہ بجریا تھانہ علاقہ میں رہنے والی لڑکی کی ماں کی ایک دیگر شکایت پر بجریا تھانہ میں رکن اسمبلی کٹارے اور ان کے
نامعلوم ساتھیوں کے خلاف اغوا اور دھمکانے کا معاملہ درج ہوا ہے۔ ہیمنت کٹارے بھنڈ ضلع کے اٹیر سے کانگریس کے رکن اسمبلی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ہیمنت کٹارے نے کچھ وقت پہلے یہاں رہنے والی ایک لڑکی اور اس کے ساتھی وکرمجیت پر بلیک میل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔ ان کا الزام تھا کہ لڑکی اور اس کے ساتھی بلیک میل کرکے دو کروڑ کی مانگ کررہے ہیں۔ اس کے بعد پولیس نے لڑکی کو ان سے پانچ لاکھ روپے لیتے ہوئے گرفتار کرلیا تھا، جو اس وقت عدالتی حراست میں جیل میں ہے۔ ملزم وکرمجیت اب تک پولیس کی گرفت میں نہیں آیا ہے۔ اس سلسلہ میں کچھ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائر ل ہوئے تھے۔