نئی دہلی، 17 دسمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ میٹنگ کی جس میں متنازعہ وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا 'ٹینی' نے شرکت نہیں کی۔
سات لوک کلیان مارگ پر وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر منعقدہ اس میٹنگ میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، محترمہ اسمرتی ایرانی، ڈاکٹر مہندر ناتھ پانڈے، اجے بھٹ، تیرتھ سنگھ راوت، پنکج چودھری، راج بیر سنگھ، بھانوپرتاپ ورما وغیرہ نے شرکت کی اور دونوں ریاستوں کی راجیہ سبھا کے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کی۔ میٹنگ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا،
پارلیمانی وزراء پرہلاد جوشی، ارجن میگھوال اور پی مرلی دھرن بھی موجود تھے۔ مسٹر جوشی اتراکھنڈ کے الیکشن انچارج ہیں۔
ذرائع کے مطابق لکھیم پور کھیری سے ایم پی اور وزیرمملکت برائے داخلہ اجے مشرا 'ٹینی' نظر نہیں آئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ناشتے کی میز پر ہونے والی اس میٹنگ میں وزیر اعظم نے اراکین پارلیمنٹ سے ان کے علاقے کے بارے میں بات کی اور انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
مسٹر مودی روزانہ مختلف ریاستوں اور خطوں کے ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کر رہے ہیں۔ جمعرات کو انہوں نے مدھیہ پردیش اور جنوبی ہند کی ریاستوں کے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کی تھی۔