نئی دہلی، 22 جون (یو این آئی) وزارت دفاع نے دور دراز سرحدی علاقوں میں سڑکوں کا جال بچھانے کے بعد اب 75 مقامات پر سڑک کے کنارے 'بی آر او کیفے قائم کرکے وہاں آنے والے لوگوں کو چائے اور پانی کی سہولت فراہم کرنے کی سمت میں ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔
وزارت دفاع نے بدھ کو یہاں کہا کہ وزارت دفاع نے بارڈر روڈز آرگنائزیشن ( 'بی آر او) کے ساتھ مل کر 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں سڑکوں کے مختلف حصوں پر 75 مقامات پر سڑک کے کنارے
'بارکو کیفے سہولیات قائم کرنے کی منظوری دی ہے ۔ ان کا مقصد سیاحوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا اور سرحدی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے علاوہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار پیدا کرنا ہے۔
بی آر او دور دراز سرحدی علاقوں تک پہنچ چکا ہے اور اسٹریٹجک ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ یہ شمالی اور مشرقی سرحدوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں ان خوبصورت مقامات پر سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔