امریکہ/15نومبر(ایجنسی) امریکا کی سابقہ خاتون اول میشیل اوباما کی یادداشتوں پر مشتمل سوانح حیات "Becoming" منظر عام پر آ گئی ہے۔ کتاب میں سابق صدر باراک اوباما کی اہلیہ نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مرتبہ سقوط حمل کے بعد ان کو دو بیٹیوں کی ماں بننے کے لیے کن چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔ یہاں تک کہ وہ مادہ تولید کو مصنوعی طریقے سے اپنے رحم میں داخل کروانے پر مجبور ہو گئیں۔
سابقہ خاتون اول کے مطابق "بہت سے شادی شدہ جوڑوں کو چیلنجوں کا سامنا ہوتا ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ وہ جان لیں کہ یہاں تک کہ باراک اور میشیل اوباما کو بھی اپنی محبت کے ساتھ اپنی شادی کے بندھن کو برقرار رکھنے کے لیے کام کرنا پڑتا ہے"۔
میشیل اوباما اور ان کے شوہر کو اس سوانح حیات کو شائع کروانے پر 6 کروڑ ڈالر کی رقم ملی ہے۔ یہ سابقہ سربراہان اور خواتین اول کی یادداشتوں کے حوالے سے ایک نیا ریکارڈ ہے۔
دوسری جانب ٹرمپ نے اس کتاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میشیل اوباما کو ان یادداشتوں کو شائع کرنے پر بہت بڑی رقم ملی ہے ،،، اور فروخت میں اضافے کے لیے ناشرین تنازع پیدا کرنا چاہتے ہیں۔