سری نگر، 22 فروری (یو این آئی) سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی پیر کے روز ایک بار پھر اتفاق رائے سے تین برس کے لئے پی ڈی پی کی صدر منتخب ہوئیں محبوبہ مفتی سال 2016 سے پارٹی کی زمام صدارت تھامے ہوئی ہیں۔ وہ سال 2016 میں اپنے والد اور اس وقت کے پارٹی صدر مفتی محمد سعید کے انتقال کے بعد پارٹی صدر مقرر ہوئی تھیں۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ محبوبہ مفتی کو پیر کے روز اتفاق رائے سے ایک بار پھر تین برسوں کے لئے پارٹی صدر منتخب کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ محبوبہ مفتی کا نام پارٹی کے سینئر لیڈران بشمول غلام نبی لون ہانجورہ اور خورشید عالم نے تجویز کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے الیکٹورل کالج کے ممبران نے اتفاق رائے سے محبوبہ مفتی کو پارٹی صدر منتخب کیا ہے۔
جموں میں پی ڈی پی لیڈر سریندر چودھری نے نامہ نگاروں کو بتایا: 'محبوبہ جی کی مدت کار 31 اکتوبر 2020 کو ختم ہوئی
تھی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے انتخابات وقت پر نہیں ہو سکے۔ الیکشن بورڈ کے چیئرمین عبدالرحمان ویری صاحب تھے۔ انہوں نے مجھے جموں کے لئے ریٹرنگ افسر نامزد کیا تھا'۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'محبوبہ جی کے مقابلے میں کسی نے اپنا نام نہیں دیا تھا جس کے بعد وہ پھر سے تین سال کے لئے پارٹی کی صدر منتخب ہوئیں'۔
بتادیں کہ محبوبہ مفتی کی تین سالہ صدارت کا وقت سال گذشتہ کے ماہ اکتوبر میں ہی اختتام ہو رہا تھا لیکن کورونا وبا کے باعث صدر منتخب کرنے کے لئے انتخابات منعقد نہیں کئے جا سکے۔
دریں اثنا پی ڈی پی نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا: 'محترمہ محبوبہ مفتی کو بہ اتفاق رائے تین برسوں کے لئے پارٹی صدر منتخب کیا گیا۔ ان کے نام کو پارٹی کے سینئر لیڈروں جناب غلام نبی ہانجورہ اور جناب خورشید عالم نے تجویز کیا تھا۔ سینئر لیڈر جناب عبدالرحمان ویری الیکشن بورڈ کے چیئرمین تھے'۔