سری نگر، 28 جولائی (ایجنسی) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابقہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور پاکستان کے نئے متوقع وزیر اعظم عمران خان کے بھارت پاکستان تعلقات سے متعلق بیان کا مثبت جواب دیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دوستی اور مذاکرات کی بات
کی ہے اور مسٹر مودی کو اس کا مثبت جواب دینا چاہیے۔ محترمہ مفتی نے ان باتوں کا اظہار ہفتہ کے روز اپنی جماعت پی ڈی پی کے 19 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں یہاں شیر کشمیر پارک میں منعقدہ ایک پارٹی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے، یہاں خون خرابہ بند کرنے اور پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے والے کسی بھی بھارتی وزیر اعظم کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔