بارہ بنکی: یکم مئی(ایجنسی) کانگریس اور بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی سپریمو مایاوتی نے کہا کہ دونوں ہی پارٹیاں ذات پات، فرقہ پرستی اور مادہ پرست ذہنیت کی حامل ہیں جنہوں نے سرمایہ کاروں کے مفاد کی فکر کی ہے جبکہ ان کے میعاد کار میں غریبی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔
سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو کے ساتھ اتحاد کی مشترکہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ مایاوتی نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی نے جھوٹے وعدے کر کے عوام
کو چھلنے کا کام کیا ہے۔ بی جے پی نے سال 2014 کے لوک سبھا انتخاب میں اچھے دن لانے اور ہر غریب کے کھاتے میں 15 لاکھ روپئے دینے کا وعدہ کر کے اقتدار میں آئی تھی اور اب اسی طرز پر کانگریس بھی چل پڑی ہے۔
محترمہ مایاوتی نے کہا کہ کانگریس نے لبھانے کے لئے 6 ہزار روپئے فی ماہ دینے کا وعدہ کیا جو کوئی دائمی حل نہیں ہے۔ عوام کو دونوں پارٹیوں سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اپنے میعاد کار میں بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو بھار ت رتن نہیں دیا۔