اورنگ آباد،9اگست (یو این آئی)مہاراٹھا کرانتی مورچہ (ایم کے ایم) کوارڈی نیشن کمیٹی نے آج ایک دن کے بند کا اعلان کیا ہے۔مراٹھوں کیلئے سولہ فیصد ریزرویشن کیلئے ریاست کےممبئی ،نوی ممبئی اور تھانے سمیت تقریباً آٹھ اضلاع میں اس کیلئے احتجاج و مظاہرہ ہورہے ہیں۔
حکومت نے اس احتجاج و مظاہرہ کی سیکورٹی کیلئے بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے ہیں۔خیال رہے گزشتہ مہینے ریزرویشن کے سلسلہ میں ہونے والے مظاہرہ میں ریاست میں بڑے پیمانہ پر تشدد کے واقعات دیکھے گئے تھے۔ریاستی حکومت نے بند کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے ایس آر پی ایف پلاٹون،ریپڈ ایکشن فورس،اسٹرائکنگ فورس،کیو آر ٹی اور ریاستی پولیس کو تعینات کیا ہے۔
ریزرویشن کے سلسلہ میں اورنگ آباد میں ہونے والی میٹنگ میں ریاست کے بتیس اضلاع سمیت ایم کے ایم کوارڈی نیٹر سمیت دیگر نمائندوں نے
شرکت کی اور مراٹھا برادری کیلئے ریزرویشن سمیت دوسرے ایشوز پر غور وخوض کیا گیا۔
واضح رہے ایم کے ایم گزشتہ دو سال سے مراٹھوں کیلئے ریزرویشن کے واسطے تحریک چلارہی ہے ،اور اس میں گزشتہ 21 دنوں میں کافی تیزی آئی ہے۔مراٹھوں کی تحریک کے دوران ریاست میں 28افراد نے خود کشی کر لی تھی۔
ریاستی حکومت نے بند کے دوران احتیاط کے طور پر مراٹھواڑہ علاقہ میں واقع تعلیمی اداروں ،پبلک ٹرانسپورٹ ،بازار وں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بند کے پیش نظر مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ نے طویل مسافت والی بسوں کی خدمات کو ملتوی کردیا ہے۔
انتہائی ضروری خدمات،مثلاً میڈیکل،ٹرانسپورٹ کو بند سے استثنا رکھا گیاہے۔کسی بھی افواہ سے نمٹنے کیلئے سائبر سیل کو مستعد کردیا گیاہے۔