نئی دہلی، 26 مارچ (یواین آئی) سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ نے آسام کے رائے دہندگان سے زبان اور ثقافت کی بنیاد پر معاشرے کو تقسیم کرنے والے لوگوں سے ہوشیار رہنے اوراسمبلی انتخابات میں کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو ریاست کے 30 لاکھ نوجوانوں کو روزگار دیا جائے گا۔
ڈاکٹر سنگھ نے جمعہ کو یہاں جاری ایک ویڈیو پیغام میں آسام کے عوام کا شکریہ ادا کیا
اور کہا کہ ان کی وجہ سے وہ تقریبا تین دہائیوں تک راجیہ سبھا میں ان کا نمائندہ رہے ہیں، لہذا ریاست کے لوگوں کے تئیں خصوصی لگاو ہونے کے سبب وہ ریاست کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کی وہ اسمبلی انتخابات میں تفریق پسند قوتوں سے دور رہیں اور جامع ترقی کے لئے کانگریس کو ووٹ دیں۔
انہوں نے کہا، "سال 1991 سے لے کر 2019 تک آسام میرا دوسرا گھر رہا ہے اور میں نے خوش قسمتی سے 28 برسوں تک راجیہ سبھا میں آسام کی نمائندگی کی۔