نئی دہلی/16ڈسمبر(ایجنسی) سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے آج کہا کہ موجودہ سیاسی منظرنامہ میں کانگریس کو مسٹر راہل گاندھی کی قیادت کی ضرورت ہے اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں پارٹی نئی بلندیاں اور نئی عظمت حاصل کرے گی۔ ڈاکٹر سنگھ نے یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر پر راہل گاندھی کو صدارت کی باگ ڈور دینے کے لئے منعقد پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا موجودہ سیاسی منظر نامہ جس طرح کے چیلنجز سے دوچار ہے اس کے مدنظر کانگریس کو مسٹر گاندھی کی قیادت کی ضرورت تھی۔ وہ جوش کے ساتھ پارٹی کو آگے بڑھانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ اسے دیکھتے ہوئے پوری امید ہے کہ ان کی
قیادت میں پارٹی نئی بلندیوں تک پہنچے گی۔
کانگریس کی رخصت پذیر صدر سونیا گاندھی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ کانگریس کے اتحاد اور مضبوطی کے لئے انہوں نے مسلسل کام کیا ہے اور گذشتہ بیس سال سے کانگریس ان کی قیادت میں مسلسل مضبوط ہورہی ہے۔ اس دوران انہیں محترمہ گاندھی کی مسلسل رہنمائی حاصل رہی اور ان کی حوصلہ افزائی سے وزیر اعظم کے طورپر انہوں نے منریگا جیسی اہم اسکیمیں شروع کی تھیں۔