کلکتہ یکم دسمبر (یو این آئی) وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی دہلی کے چار روزہ دورے پر ہیں۔ اپنے اس دورے کے دوران جہاں وہ انڈیا اتحاد کی میٹنگ میں شرکت کریں گی وہیں بنگال حکومت کے واجبات کی ادائیگی کے مطالبے کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گی۔ ذرائع کے مطابق انڈیا اتحاد کی منگل کو ہونے والی میٹنگ میں اتحاد میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے سیٹوں کی تقسیم پر بات ہو سکتی ہے۔ دریں اثنا تر نمول کانگریس نے مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں
کانگریس کی عدم کار کردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے تاہم کانگریس کے ساتھ چلنے کی بھی بات کہی ہے۔
کانگریس بھی ترنمول کانگریس کی حمایت اور اس کے ساتھ کھڑی ہوئی نظر آئی ہے۔ راجیہ سبھا سے ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ڈیرک او برائن کی معطلی پر بھی کانگریس نے سخت تنقید کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس واقعہ کے تین دن بعد کانگریس صدر ملک ارجن کھر گے نے چیئر مین کو خط لکھ کر ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ڈیرک او برائن کی معطلی کو منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے۔