نئی دہلی، 11 فروری (یو این آئی ) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج مالدیپ کے ساتھ ہندوستان کے گہرے تعلقات کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ مالدیپ نہ صرف ایک دوست پڑوسی ملک ہے، بلکہ ہندوستان کی 'پڑوسی پہلے' پالیسی اور ویژن ساگر کا کلیدی ستون بھی ہے۔
مسٹر برلا نے پارلیمنٹ ہاؤس میں مالدیپ کی عوامی مجلس کے اسپیکر عبد الرحیم عبد اللہ کی قیادت میں ہندوستان کے دورے پر آئے ہوئے
مالدیپ کے پارلیمانی وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران اس خیال کا اظہار کیا۔
ہندوستان کی پارلیمنٹ میں ڈیجیٹلائزیشن میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے وفد کو بتایا کہ قانون سازی کی کار کردگی کو بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی کا تیزی سے استعمال کیا جا رہا ہے اور ہندوستانی پارلیمنٹ اب 15 علاقائی زبانوں میں ترجمانی کی خدمات فراہم کر رہی ہے اور جلد ہی یہ سہولت 22 زبانوں میں فراہم کی جائے گی۔