سری نگر، 17 جون (ایجنسی) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے اچھ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤ ں کے درمیان جاری معرکہ آرائی میں مبینہ طور پر دو جنگجو ہلاک جبکہ ایک افسر سمیت تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ کے اچھ بل کے بدوار اکنی گام گاؤں میں پیر کی صبح سے سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جاری تصادم آرائی میں مبینہ طور پر دو جنگجو ہلاک جبکہ ایک میجر سمیت تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے جائے تصادم آرائی سے دو لاشیں بر آمد کی ہیں جن کی شناخت ابھی ہونا باقی ہے تاہم مضروب فوجی افسر کی شناخت میجر راہل ورما کے بطور
ہوئی ہے اور دیگر دو مضروب فوجی اہلکاروں کی شناخت بھی ابھی ہونا باقی ہے۔
زخمیوں کو علاج ومعالجے کے لئے نزدیکی فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
قبل ازیں فوج کی 19 آر آر اور جموں کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کی مشترکہ ٹیم نے بدوار اکنی گام گاؤں کو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائیاں شروع کیں جس دوران سیکورٹی فورسز اور وہاں چھپے جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائی چھڑ گئی۔
ایس ایس پی اننت ناگ الطاف خان نے بتایا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع ملنے تک علاقے کو محاصرے میں لیا گیا۔
تازہ اطلاعات ملنے تک آپریشن جاری ہے۔
دریں اثنا ضلع اننت میں احتیاطی طور موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل رکھی گئی ہیں۔