نئی دہلی 25جون(یواین آئی)کورونا وائرس’کووڈ-19‘کے خلاف سرکاری کوششوں کومستحکم کرنے اور ریاستی حکومت سے بہتر تال میل قائم کرنے کے مقصد سے ایک مرکزی ٹیم 26 سے 29جون تک گجرات،مہاراشٹر اور تلنگانہ کا دورہ کررہی ہے۔
مرکزی وزارت صحت وخاندانی بہبود نے جمعرات کو یہ جانکاری دی کہ جوائنٹ سکریٹری لو اگروال کی قیادت میں یہ ٹیم ان تین ریاستوں کے چارروزہ دورے پرجارہی ہے۔مرکزی ٹیم ریاست کے حکام سے رابطہ کرے گی اور کووڈ-19 کے خلاف جاری ان کی کوششوں کو مضبوطی دینے کے لئے کوآرڈینیٹ قائم کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹرا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 3،899 معاملے سامنے آئے اور 208 افرادجاں بحق ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1،42،899 اور مرنے والوں کی 6،739 ہوگئی ہے۔ اس مدت کے دوران ،
ریاست میں 4،161 سے زیادہ افرادصحت یاب ہوئے ، جس کے بعد ان کی تعداد بڑھ کر 73،792 ہوگئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ، گجرات میں 572 کورونا کیسز سامنے آئے جس سے یہاں متاثرہ افراد کی کل تعداد بڑھ کر29،001 ہوگئی ہے۔ 24 جون تک ریاست میں 6،169 فعال معاملات تھے۔ یہاں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ، 575 افراد انفیکشن سےٹھیک ہوئے ہیں ، جن سے ان کی مجموعی تعداد 21،096 ہوگئی ہے۔ 24 جون کو 25 کورونامتاثرین کی موت کے ساتھ ، اموات کی مجموعی تعداد 1،736 ہوگئی ۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ، تلنگانہ میں کورونا وائرس کے 891 کیس رپورٹ ہوئے ہیں ، 137افراد صحت یاب ہوئے اور پانچ کی موت ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 10،444، شفایاب ہونے والوں کی 4،361 اور مرنے والوں کی تعداد 225 ہوگئی ہے۔ ریاست میں اس وقت کورونا انفیکشن کے 5،858 فعال معاملےہیں۔