نئی دہلی، 05 فروری (یو این آئی) لوک سبھا میں کسانوں کے مسئلے پر اپوزیشن پارٹیوں کے شوروغل کے سبب جمعہ کے روز بھی کوئی کام نہیں ہو سکا اور شدید ہنگامے کے دوران اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کاروائی پیر کے روز صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی ایک بار کے ملتوی کیے جانے کے بعد مسٹر برلا نے چھ بجے جیسے ہی ایوان کی کاروائی شروع ہوئی، حذب مخالف کی جماعتوں کے اراکین پہلے کی طرح تختیاں لے کر نعرہ لگاتے ہوئے ایوان کے درمیان آ گئے اور ہنگامہ کرنے لگے۔ اسپیکر نے اس درمیان ضروری کاغذات ایوان کے میز پر رکھوائے۔ انہوں نے ہنگامہ کرنے والے تمام اراکین سے کہا کہ وہ اپنی سیٹ پر جائیں اور
ایوان کی کاروائی پر امن ڈھنگ سے چلنے دیں لیکن کسی نے ان کی بات نہیں سنی تو انہوں نے ایوان کی کاروائی پورے دن کے لیے ملتوی کر دی۔
قبل ازیں انہوں نے جب وقفہ سوال شروع کیا تھا تو اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین ’تاناشاہی نہیں چلے گی‘ جیسے نعرے لگاتے ہوئے ایوان کے درمیان آ گئے اور نعرے بازی اور شور شرابہ کرنے لگے۔ انہوں نے کچھ دیر تک ہنگامے پر توجہ نہیں دی اور وقفہ سوال چلانے کی کوشش کی۔ کچھ دیر تک شور و غل کے درمیان وقفہ سوال چلتا رہا لیکن ہنگامے کے درمیان وقفہ سوال چلانا جب مشکل ہو گیا تو انہوں اراکین سے کہا کہ ہم سبھی کو یہاں عوام سے متعلق سوال پوچھنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔