جموں، 4 مارچ (یو این آئی) جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں کورونا مخالف ٹیکے کی پہلی خوراک لی انہوں نے لوگوں سے بھی یہ ٹیکہ لینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ ٹیکہ لگانے سے کورونا کے خلاف جاری جنگ کو جیت سکتے ہیں۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر کے حوالے سے ان کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا: ’آج (یعنی
4 مارچ کو) میں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں کورونا مخالف ٹیکے کی پہلی خوراک لی۔ میری لوگوں سے یہ ٹیکہ کرانے کی اپیل ہے اس سے ہمیں جموں وکشمیر میں کورونا کے خلاف جاری جنگ کو جیتنے میں مدد ملے گی‘۔
بتادیں کہ نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے 2 مارچ کو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سری نگر میں کورونا مخالف ٹیکے کی خوارک لی تھی۔