نئی دہلی، 17 جون (یو این آئی) مرکزی حکومت کی اگنی پتھ یوجنا کے خلاف بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے طلبہ ونگ نے جمعہ کو احتجاجی مظاہرہ کیا دارالحکومت کے آئی ٹی او میٹرو اسٹیشن کے قریب پلے کارڈز اٹھائے طلبہ کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہوئی، جہاں انہوں نے دفاعی خدمات میں نئی متعارف کرائی گئی بھرتی اسکیم کے خلاف احتجاج کیا۔ طلباء نے نئی بھرتی اسکیم کو فوری واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔
مظاہرین پرانے دہلی پولیس ہیڈکوارٹر اور آئی ٹی او میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر پانچ کے درمیان بیٹھ گئے اور اگنی پتھ مخالف نعرے لگائے۔ طلباء کی تعداد بڑھنے کے ساتھ ہی سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) سمیت
سیکورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کودوڑانا شروع کیا اورکئی لوگوں کو دہلی پولیس نے حراست میں بھی لے لیا۔
اے اے پی طلباء یونین کے سربراہ روہت لاکڑا نے کہا کہ حکومت امیدواروں کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا، "صرف روزگار کے محاذ پر اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے، حکومت ایک معاہدہ اسکیم لے کر آئی ہے۔ نوجوان چار سال نہیں زندگی بھر خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت اس من مانی اسکیم کو واپس لے۔
مرکزی کابینہ نے منگل کو ہندوستانی نوجوانوں کے لیے مسلح افواج میں خدمات انجام دینے کے لیے 'اگنی پتھ' بھرتی اسکیم کو منظوری دی تھی۔ اس اسکیم کے تحت منتخب ہونے والے نوجوانوں کو 'اگنی ویر' کے نام سے جانا جائے گا۔ اس سال تقریباً 46,000 بھرتی کی جائے گی۔