نئی دہلی، 14 فروری (یو این آئی) سپریم کورٹ نے پیر کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو 17 سالہ تمل ناڈو کی طالبہ لاونیا کی مبینہ تبدیلیٔ مذہب اور خودکشی کے معاملے میں تحقیقات جاری رکھنے کا حکم دیا۔
جسٹس سنجیو کھنہ اورجسٹس بیلا ایم ترویدی کی بینچ نے تمل ناڈو کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی خصوصی اجازت کی عرضی کو خارج کرتے ہوئے سی بی آئی کو ہدایت دی کہ وہ مدراس ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق اپنی تحقیقات جاری رکھے۔ سماعت کے دوران، سپریم کورٹ نے عرضی گذار کے وکیل سے کہا کہ وہ(حکومت)اس معاملے کو
’ وقار کا مسئلہ نہ بنائیں‘ اور سی بی آئی کی تفتیش کو جاری رکھنے میں اپنا تعاون دیں۔ بینچ نے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ تحقیقات سے متعلق تمام ضروری دستاویزات سی بی آئی کو مہیا کروائے۔
ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کیا تھا جس میں معاملے کی تفتیش، سی بی آئی کو منتقل کیے جانے کو مناسب قرار دیا گیا تھا۔
بینچ نے اس بابت حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں حلف نامہ کے ذریعے اپنا جواب (اگر کوئی ہو) داخل کرنے کو کہا۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ اس دوران سی بی آئی تفتیش جاری رہے گی۔