نئی دہلی 17 ستمبر(یواین آئی)وزیراعظم نریندرمودی کی سالگرہ کے موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)نے آج ان کے نام کی ویب سائٹ اور ای بک لانچ کیا بی جے پی ہیڈکوارٹر میں اس ویب سائٹ اور ای بک لانچ کے موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے بتایا کہ اس ویب سائٹ میں مسٹر نریندرمودی کی سوانح اور ان کی یوم پیدائش پر معروف ہستیوں کی جانب سے پیش کی گئی مبارک باد آڈیو اور ای بک کے ذریعہ سے موجود ہیں۔
مسٹر جاوڈیکر نے کہا کہ ای بک میں مسٹر مودی پر 100 مضمون منسلک کیے گئے ہیں۔ای بک میں ایک مضمون بھارت رتن لتا مکنگیشکر کا بھی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مسٹر مودی نے ہرکام کو مختلف انداز سے کیا۔وہ دوسروں سے موازنہ کرکے کوئی کام نہیں کرتے۔مسٹر مودی نے سیاست میں طویل لائن کھینچ دی ہے۔ملک کے لیے ان کے پاس بڑا وزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کے تئیں لوگوں کاپیار اور یقین بڑھ رہا ہے۔کورونا دور میں دنیا کے مقابلے ہندوستان میں بہت بہتر
طریقہ سے جنگ لڑی گئی۔کورونا دور میں جو بھی سروے ہوئے ان میں مسٹر مودی کی مقبولیت میں اضافہ پایا گیا۔
مرکزی وزیرنے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے مسڈ کال کے ذریعہ جس طرح سے پہلے 11 کروڑ اور بعد میں سات کروڑ ممبر بنے ،یہ مسٹر مودی کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔
وویکانند یوتھ کنیکٹ فاؤنڈیشن نے وزیراعظم کی سوانح حیات سے منسلک اس ویب سائٹ اور ای بک کو تیار کیا ہے۔اس موقع پر بی جے پی کے قومی نائب صدر شیام جاجو نے کہا کہ مسٹر مودی کی شخصیت بی جے پی اور ہندوستان تک محدود نہیں ہے۔پوری دنیا کے لوگ ان کی تعریف کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صرف بینر اور ہورڈنگ سے ہی نہیں بلکہ خدمت کے کاموں کے ذریعہ سے بھی ان کی سالگرہ منائی جارہی ہے۔
بی جے پی وزیراعظم کی سالگرہ کو خدمت ہفتہ کے طور پر منارہی ہے۔یہ پروگرام 14 سے 20ستمبر تک منعقد کیے جائیں گے۔اس میں بوتھ سطح تک کے بی جے پی کارکن اپنی اپنی سطح پر عوام کی خدمت سے وابستہ کام کررہے ہیں۔