نئی دہلی، 4 مارچ (یو این آئی) سپریم کورٹ لکھیم پور کھیری 'قتل معاملے' کے اہم ملزم آشیش مشرا کو الہ آباد ہائی کورٹ سے ملی ضمانت کو منسوخ کرنے کے مطالبہ والی درخواست پر 11 مارچ کو سماعت کرے گی ملزم آشیش بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر اور مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کا بیٹا ہے سپریم کورٹ کی تین رکنی بنچ کی صدارت کررہے چیف جسٹس این وی رمن نے جمعہ کو سینئر وکیل پرشانت بھوشن کے "خصوصی ذکر"
پر کہا کہ وہ اس اپیل پر 11 مارچ کوسماعت کر سکتے ہیں۔ مسٹر بھوشن نے اس معاملے کو انتہائی ضروری قراردیتے ہوئے بنچ کے سامنے جلد سماعت کی درخواست کی تھی۔
فوت ہونے والے کسانوں کے اہل خانہ کی قیادت کررہے جگجیت سنگھ کی جانب سے ایڈوکیٹ مسٹر بھوشن نے فروری میں خصوصی اجازت کی درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار نے الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے آشیش کو ضمانت دئے جانے کوقانونی عمل اورانصاف کی اندیکھی قراردیاہے۔