نئی دہلی، 9 اکتوبر (یو این آئی) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سمیت متعدد قائدین نے جمعہ کے روز خوراک و رسد اور امور صارفین کے مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کے گھر پہنچ کر ان کے جسد خاکی پر گل پوشی کرکے انہیں جذباتی خراج عقیدت پیش کیے۔
جمعرات کی دیر شام کو بہار کے قدر آور سیاسی لیڈر رام ولاس پاسوان کا انتقال ہوگیا تھا، ان کی عمر 74 سال تھی اور وہ گزشتہ چند دنوں سے علیل چل رہے تھے۔ ان کا دل کا آپریشن پانچ دن پہلے ہی ہوا تھا۔
صدر جمہوریہ مسٹر کووند آج صبح ساڑھے دس بجے کے قریب مسٹر رام ولاس پاسوان کی سرکاری رہائش گاہ پہنچے اور ان کے جسد خاکی پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔
قبل ازیں، وزیر اعظم مسٹر مودی نے مرکزی وزیر کی رہائش گاہ پر انہیں خراج
عقیدت پیش کیا۔ مسٹر مودی کے ہمراہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا بھی تھے۔
مسٹر مودی نے خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد مسٹر پاسوان کے بیٹے چیراغ پاسوان اور کنبہ کے دیگر افراد سے ملاقات کی اور انہیں تسلی دی۔
وزیر دفاع مسٹر راجناتھ سنگھ صبح تقریبا گیارہ بجے مسٹر پاسوان کے گھر پہنچے اور انہيں جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔
آج سویرے مسٹر پاسوان کی میت کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر لایا گیا تھا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق مسٹر پاسوان کے جسد خاکی کو پٹنہ پہنچایا جائے گا جہاں لوگوں کے آخری دیدار کے لیے جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے دفتر میں عوامی دفتر میں رکھا جائے گا۔آخری رسومات ہفتہ کے روز ادا کیے جانے کا امکان ہے۔