نئی دہلی، 18 فروری (ایجنسی) کانگریس صدر راہل گاندھی کی موجودگی میں سابق کرکٹر کرتی آزاد نے پیر کے دن کانگریس کا دامن تھام لیا اور کہا کہ یہ ان کی گھر واپسی ہے۔
مسٹر کرتی آزاد نے مسٹر راہل گاندھی کی رہائش گاہ پر کانگریس کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد نامہ نگاروں کی کانفرنس میں کہا کہ ان کا پورا بچپن کانگریسی ماحول میں گذرا ہے۔ ان کے والد بھگوت جھا آزاد مجاہد آزادی اور کانگریس کے اہم لیڈر تھے اور کانگریس خاندان سے ان کی قربت بچپن سے رہی ہے اس لئے اس پارٹی میں شامل ہونا ان کےلئے گھر واپسی
جیسا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر 2014 میں بہار کے دربھنگہ سے لوک سبھا رکن منتخب ہونے والے مسٹر آزاد نے کہا کہ انہیں بی جے پی میں رہ کر گھٹن محسوس ہورہی تھی۔ ابتدا سے ہی انہوں نے پارٹی فورم پر بدعنوانی کا مسئلہ اٹھایا اور دستاویزوں کے ساتھ حکومت پر کارروائی کرنے کی درخواست کی لیکن ان کی بات نہیں سنی گئی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی میں اب کسی کی آواز نہیں سنی جارہی ہے۔"نہ کھاؤ ں گا، نہ کھانے دوں گا" کی صرف باتیں ہورہی ہیں اور اس سلسلے میں محض جملہ بازی ہورہی ہے۔