نئی دہلی، یکم مئی (یو این آئی) دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے آج سرسوتی وہار پولی کلینک میں بنے ویکسینیشن سنٹر میں 18سے 44سال تک کے لوگوں کے لئے ویکسینیشن مہم کی علامتی شروعات کی۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ پیر سے دہلی میں کئی مراکز پر ویکسین لگائی جائے گی۔ دہلی کو 4.5لاکھ ویکسین مل گئی ہے۔ جیسے جیسے دہلی کو ویکسین کی کھیپ ملے گی، ٹیکہ کاری مہم کو تیز کریں گے۔ انہوں نے دہلی کے
باشندوں سے اپیل کی کہ وہ ابھی ویکسین لگوانے کے لئے آن لائن رجسٹریشن کے دوران ملے وقت پر ہی ویکسینیشن سنٹر پر آئیں۔
ویکسینیشن مہم کی علامتی شروعات کے بعد مسٹر کیجریوال نے کہاکہ 18سال سے اوپر کے لوگوں کو آج ہی ویکسین لگنی شروع ہوچکی ہے۔ انہوں نے سرسوتی وہار میں واقع پولی کلینک کے ویکسین سنٹر کا آج جائزہ لینے کے دوران کہا کہ جیسے جیسے ویکسین ملتی رہے گی ویکسینیشن مہم تیز کی جائے گی۔