نئی دہلی ، 08 اکتوبر (یو این آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعہ کو یہاں ریس کورس کلب میں رہ رہے شہید راجیش کمار کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کی اعزازی رقم کا چیک دیا مسٹر کیجریوال نے بتایاکہ "مرحوم راجیش کمار ہندوستانی فضائیہ میں خدمات انجام دے رہے تھے اور قوم کی خدمت کرتے ہوئے ایک طیارہ حادثے میں شہید ہوئے تھے۔ آج ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ایک کروڑ روپے کا اعزازی چیک دیا۔ ہم راجیش کمار کی زندگی کی قیمت نہیں ادا کرسکتے لیکن مجھے امید ہے کہ اس سے
ان کے خاندان کو تھوڑی مدد ملے گی۔ ہم نے پہلے ہی آنجہانی راجیش کمار کی ایک بہن کو سول ڈیفنس میں شامل کیا ہے ، دوسری بہن کو نوکری دیں گے اور مستقبل میں بھی اس کے خاندان کا خیال رکھیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ آنجہانی راجیش کمار 3 جون 2019 کو اروناچل پردیش میں آپریشنل ٹریننگ سارٹی (ائر مینٹیننس) کے دوران ہوائی جہاز کے حادثے میں شہید ہو گئے تھے۔ دہلی حکومت دہلی کے ان لوگوں کو ایک کروڑ روپے کا اعزازیہ دیتی ہے جو فوج میں شہید ہوتے ہیں۔ اس کے تحت مسٹر راجیش کمار کے خاندان کو بھی مدد دی گئی ہے۔