نئی دہلی،16 مئی(یواین آئی)دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے اترپردیش کے اورئیا میں ہفتے کی صبح قومی شاہراہ پر دو ٹرکوں کے درمیان ہوئی ٹکر میں کم از کم 24 مزدوروں کی موت پر گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
مسٹر کیجریوال نے ٹویٹر پر کہا،’’اورئیا میں ہوئے حادثے میں لوگوں کی موت سے بےحد افسردہ ہوں۔نقل مکانی کرنے والے مزدوروں کی پریشانیاں مسلسل بڑھتی جارہی ہیں۔فوراً کچھ کرنے کی ضرورت
ہے۔‘‘
واضح رہے کہ اورئیا میں قومی شاہراہ دو پر صدر تھانہ علاقے کے تحت چروہلی میہولی گاؤں میں ہفتے کی صبح ہوئے اس حادثے میں 24 مزدوروں کی موت ہوگئی اور 35 دیگر زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ابھیشیک سنگھ نے بتایا کہ حادثہ تقریباً 0330 بجے ہوا جب مزدوروں کولے کر جانے والا ایک ٹرک سڑک پر کھڑے دوسرے ٹرک سے ٹکرا گیا۔انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر مزدور بہار ،جھارکھنڈ اور مغربی بنگال سےتھے اور دہلی سے آرہے تھے۔