نئی دہلی، 9جون (یو این آئی) دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے آج لانسر روڈ میں واقع سرکاری سرودیہ اسکول میں ’جہاں ووٹ، وہیں ویکسنیشن‘ مہم کے تحت ویکسینیشن سنٹر کا دورہ کیا اور 45سے زیادہ عمر کے لوگوں کو آگے بڑھ کر ویکسین لگوانے کے لئے حوصلہ افزائی کی مسٹر کیجریوال نے کہاکہ دہلی حکومت کی اس مہم سے لوگ بہت خوش ہیں۔ ہم نے گھر سے سنٹر تک آنے جانے کے لئے ای رکشوں کا بھی انتظام کیا ہے، جس طرح پولنگ سے پہلے بی ایل او گھر گھر جاکر پرچی دیتے ہیں اسی طرح ویکسین لگوانے کیلئے سلاٹ کی پرچی دے رہے ہیں اور لوگوں کو بیدار بھی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ویکسین پر لوگوں کے دل میں طرح طرح کی افواہیں پھیلی ہیں، ان کو دور کرنے
کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔ وزیراعلی نے اپنے ملک کے انتخابی انتظامی ڈھانچے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنے انتخابی ڈھانچہ کا پورے ملک میں استعمال کرتے ہیں تو دو سے تین مہینے میں سب کو ویکسین لگا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کی طرف سے ’جہاں ووٹ، وہاں ویکسینیشن‘ مہم کے تحت ایک نئے قسم کا تجربہ کیا جارہا ہے۔ ہم نے دہلی میں دیکھا ہے کہ 45سال کی عمر کے تقریباً پچاس فیصد لوگوں کو ویکسین لگ چکی ہے اور ابھی بھی پچاس فیصد لوگ ویکسینیشن سے بچے ہیں۔ دہلی میں تقریباً 57لاکھ لوگ 45سال سے زیادہ عمر کے ہیں اور ان میں سے تقریباً 27-28لاکھ لوگوں کو ویکسین لگ چکی ہے اور تقریباً تیس لاکھ لوگوں کو ابھی ویکسین نہیں لگی ہے۔