نئی دہلی، 24 نومبر (یو این آئی) دہلی میں کورونا وائرس کا قہر بڑھنے کے درمیان وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منگل کے روز مرکزی حکومت سے سرکاری اسپتالوں میں 1000 اضافی آئی سی یو بیڈ محفوظ رکھنے کی اپیل کی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں مسٹر کجریوال نے دہلی میں کورونا وائرس کے بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر یہ اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں کورونا وائرس کے معاملے بڑھنے کے پیچھے آلودگی بھی ایک بڑی وجہ ہے۔
وزیراعلیٰ کے دفترکے مطابق وزیر اعلی نے پڑوسی ریاستوں میں پرالی جلانے سے ہونے والی آلودگی سے نجات کے لئے وزیر اعظم سے مداخلت کرنے کی اپیل کی۔
وزیر اعلی نے کہا کہ دہلی میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے اثرات رہنے تک مرکزی سرکاری اسپتالوں میں اضافی ایک ہزار آئی سی یو
بستردہلی کے لیے محفوظ رکھنے کی درخواست کی ہے۔
مسٹر مودی عالمی وبا کورونا وائرس سے فی الحال سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں کیرالہ، مغربی بنگال، ہریانہ، دہلی، راجستھان، گجرات، مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ کے وزرائے اعلی سے ورچوئل میٹنگ میں آج موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ امیت شاہ بھی اس میٹنگ میں شریک ہیں۔
فی الحال، دہلی ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ پچھلے چار دنوں سے کورونا وائرس کی وجہ سے دارالحکومت میں روزانہ 100 سے زائد مریض دم توڑ رہے ہیں۔
مسٹر کیجریوال نے میٹنگ میں بتایا کہ دہلی میں 10 نومبر کو 8600 معاملے رپورٹ ہوئے جو کورونا وائرس کی تیسری لہر میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد نئے مریضوں اور مثبت آنے کے رجحان میں مسلسل کمی آرہی ہے۔