حیدرآباد، 6 نومبر (ذرائع) تلنگانہ کے وزیر اعلی کے. چندر شیکھر راؤ آج ایک حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کے سی آر کے ہیلی کاپٹر کے دیوکدرا کے لیے ٹیک آف کرنے کے بعد ہیلی کاپٹر میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی۔ پائلٹ نے ہیلی کاپٹر کو واپس کھیتوں کی طرف موڑ دیا اور اسے بحفاظت لینڈ کیا۔ اب حلقہ میں کے سی آر کے انتخابی مہم کے دورے کے لیے ایوی ایشن کمپنی کی جانب سے ایک اور ہیلی
کاپٹر کا انتظام کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ’’تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو ٹیک آف کے 10 منٹ بعد واپس وزیراعلیٰ کے فارم ہاؤس پر اترنا پڑا‘‘۔ ایک سرکاری ریلیز میں کہا گیا ہے، "الرٹ پائلٹ نے ہیلی کاپٹر کو سی ایم کے سی آر کے فارم ہاؤس کی طرف موڑ دیا اور اسے بحفاظت لینڈ کیا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ایک اور ہیلی کاپٹر جلد ہی فارم ہاؤس پہنچ جائے گا اور راؤ شیڈول کے مطابق دن کی انتخابی ریلیاں جاری رکھیں گے۔