سری نگر، 31 مارچ (یو این آئی) میرواعظ مولوی عمر فاروق کی قیادت والی حریت کانفرنس نے اپنا یہ مطالبہ پھر دہرایا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مہلک وبا کے پیش نظر بلا امتیاز جموں وکشمیر کے تمام سیاسی نظر بندوں اور اسیران جو جموں وکشمیر سمیت بھارت کے مختلف جیلوں میں قید و بند کی زندگیاں گذار رہے ہیں کوفوری طور رہا کیا جائے تاکہ محبوسین اور اسیران کے عزیز و اقربا اور متعلقین ان کی صحت اور سلامتی کے تئیں شدید ذہنی اضطراب اور بے چینی میں مبتلا ہیں، کو نجات مل سکے۔
حریت کانفرنس (ع) کی طرف سے یہاں جاری ایک بیان میں حقوق انسانی کی معتبر
اور مستند تنظیموں پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ انسانیت کے عظیم قدروں کو مد نظر رکھتے ہوئے جموں وکشمیر کے جملہ اسیران کی رہائی ممکن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
حریت نے عالمی سطح پر سنگین اور جان لیوا کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی گرفت پر سخت فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جموں وکشمیر کے عوام سے ایک بار پھر پُر زور تاکید کی ہے کہ وہ اس مہلک اور متعدی وبا سے خود کو بچانے اور اپنے سماج کو بچانے کے لئے طبی ماہرین اور متعلقین کی آرا اور مشوروں پر پوری سختی کے ساتھ عمل کریں اور ہدایات کے مطابق اپنے اپنے گھروں میں ہی ہر صورت میں قیام کو یقینی بنائیں۔