سری نگر،14 اپریل (یو این آئی) سری نگر میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ میں رواں سیزن کے دوران سیاحوں کی ریکارڈ ساز تعداد درج کی جا رہی ہے متعلقہ حکام کے مطابق امسال اب تک تین لاکھ تیس ہزار سیاح اس باغ کی رعنائی و دلکش مناظر سے لطف اندوز ہوگئے ہیں جبکہ باغ سیاحوں کے لئے ابھی بھی کچھ دن کھلا رہے گا ان کا کہنا تھا کہ سال گذشتہ اس باغ کی سیر کرنے والے سیاحوں کی کل تعداد 2 لاکھ 26 ہزار ہی درج ہوئی تھی۔
بتادیں کہ باغ گل لالہ کو ماہ مارچ کی 23 تاریخ کو سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا تھا۔
سیاحوں کو
محظوظ و متاثر کرنے کے لئے اس سال باغ کو 68 قسموں کے 15 لاکھ ٹیولپس سے آراستہ و پیراستہ کیا گیا ہے۔
باغ کے انچارج انعام الرحمان نے یو این آئی کو بتایا کہ امسال اب تک تین لاکھ تیس ہزار سیاحوں نے اس باغ کی سیر کی ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ باغ ابھی بھی چار پانچ دن کھلا رہے گا تاہم اس کا انحصار موسمی صورتحال پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان سیاحوں میں سے زائد از ایک لاکھ غیر مقامی سیاح شامل ہیں جبکہ لگ بھگ اسی غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں۔
موصوف انچارج نے کہا کہ سال گذشتہ 2 لاکھ 26 ہزار سیاحوں نے اس باغ کی سیر کی تھی۔