سری نگر، 9 جولائی (ایجنسی) حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی تیسری برسی کے موقع پر یک روزہ وادی گیر ہڑتال کے بعد منگل کی صبح ہی وادی میں معمولات زندگی بحال ہوئی، بازاروں میں رونق لوٹ آئی، ٹرین اور موبائل انٹرنیٹ سروسز بحال ہوئیں اور جنوبی کشمیر کے ترال اور شہر خاص کے چار تھانوں کے تحت آںے والے علاقوں سے کرفیو جیسی پابندیاں ہٹائی گئیں۔
بتادیں کہ حکام نے پیر کے روز حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی تیسری برسی کے موقع پر مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کال کے پیش نظر ممکنہ احتجاجی لہروں کی روک تھام کو ممکن بنانے کے لئے جنوبی کشمیر کے ترال علاقے اور شہر خاص کے صفا کدل، رعناواری، نوہٹہ اور خانیار پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں کرفیو جیسی پابندیاں عائد کی تھیں۔
موصولہ
اطلاعات کے مطابق منگل کی صبح سے ہی شہر سری نگر کے تمام بازاروں میں حسب معمول گہماگہمی شروع ہوئی، سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل جاری رہی، بنکوں اور دیگر سرکاری ونجی دفاتر میں کام کاج بحال ہوا اور تعلیمی اداروں میں بھی درس وتدریس کا سلسلہ بحال ہوا۔
شہر خاص کے نوہٹہ، خانیار، صفا کدل اور رعناواری پولیس تھانوں کے تحت آںے والے علاقوں سے کرفیو جیسی پابندیاں ہٹائی گئی اور حساس مقامات اور چوراہوں پر بچھائی گئی خار دار تار کو بھی ہٹایا گیا ۔
نوہٹہ میں واقع جامع مسجد جس کے دروازوں کو پیر کے روز مقفل کیا گیا تھا، کو منگل کے روز کھول دیا گیا اور جامع مسجد کی طرف جانے والے راستوں سے بھی بندشوں کو ہٹایا گیا۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ منگل کے روز شہر سری نگر کے کسی بھی علاقے میں کسی قسم کی پابندیاں عائد نہیں ہوں گی۔