نئی دہلی، اٹاری 28 نومبر (ایجنسی) مرکزی وزیر اور اکالی دل کی قد آور رہنما ہرسمرت کور بادل نے بدھ کے روز کہا کہ کرتار پو رکوریڈور کے افتتاحی پروگرام میں شریک ہونے کے لیے کسی نے مدعو نہیں کیا ، میں ایک سکھ عقیدت مند کی حیثیت سے پاکستان جا رہی ہوں۔
مرکزی وزیر محترمہ بادل اور ہردیپ سنگھ پوری ہندوستان کے نمائندوں کے طور پر آج پاکستان روانہ ہوئے۔ محترمہ بادل نے پاکستان کی سرحد عبور کرنے سے پہلے صحافیوں سے کہا،"یہ ایک تاریخی موقع ہے۔ سکھ برادری ایک زمانے سے کرتار پور کوریڈور کا مطالبہ کر رہی تھی۔ میں وہاں" اَرداس" کےلیے جا رہی ہوں اور اس طرح کا موقع ملنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں۔ ہندوستانی حکومت نے رواں ہفتے گرونانک دیو جی کے 550 ویں "پرکاش ورش" کے موقع پر کئی فیصلے کیے تھے اور یہ انہی میں سے ایک اہم فیصلہ تھا۔"
سفارت کار سے سیاسی رہنما بننے والے پوری نے اس موقع پر کہا ،" میں خود کو خوش قسمت محسوس کر رہا ہوں۔ "
واضح رہے کہ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے پیر کے دن
پنجاب کے گرداس پور ضلع کے مان گاؤں میں اس کوریڈور کا افتتاح کیا تھا۔
وزیر خارجہ سشما سوراج نے حیدرآباد میں آج کہا کہ کرتار پور کوریڈور کے افتتاح سے یہ مطلب نہیں نکالا جانا چاہیے کہ ہندوستان۔پاکستان میں دوطرفہ مذکرات کا آغاز ہو جائے گا۔
محترمہ سوراج نے کہا،" جب تک پاکستان دہشت گردانہ سرگرمیوں کو بند نہیں کرے گا، تب تک اس کے ساتھ بات چیت نہیں ہوسکتی۔"
پاکستان کی حکومت نے اس پروگرام میں شامل ہونے کے لیے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ اور محترمہ سوراج کو بھی مدعو کیا تھا۔اس تعلق سے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہفتے کے روز ٹویٹ کیا تھا،" پاکستان نے سشما سوراج، امریندر سنگھ اور نوجوت سنگھ سدھو کو کرتارپو ر کوریڈور کے افتتاحی پروگرام میں شرکت لیے مدعو کیا ہے۔
واضح رہے کہ کانگریس کے رہنما اور پنجاب حکومت میں وزیر نوجوت سنگھ سدھو ذاتی طور پر افتتاحی پروگرام میں شریک ہونے کےلیے منگل کے روز ہی روانہ ہوگئے تھے۔ وہ تین مہینے میں دوسری مرتبہ پاکستان گئے ہیں۔