نئی دہلی ، 17 جولائی (یو این آئی) کرناٹک میں قیادت کی تبدیلی کی خبروں کے درمیان ریاست کے وزیر اعلی بی ایس یدیورپا نے آج یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کئی اعلی رہنماؤں کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔
بی جے پی ذرائع کے مطابق مسٹر یدیورپا نے وزیر داخلہ امت شاہ ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا سے ملاقات کی۔ اس سے قبل انہوں نے کل وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔
امت شاہ سے ملاقات کے بعد مسٹر یدیورپا نے
صحافیوں کو بتایا ’’مسٹرامت شاہ نے مجھ سے کرناٹک میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے لئے سخت محنت کرنے کو کہا۔ یہ بھی کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں جیتنی چاہئے‘‘۔
انہوں نے کہا’’وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم اتر پردیش میں سو فیصد جیتیں گے اور کرناٹک میں ہمارا مستقبل روشن ہے۔ امت شاہ نے کرناٹک میں پارٹی کو مضبوط بنانے کی ذمہ داری لینے کی بات کی۔ میں نے انہیں یقین دلایا ہے کہ میں پیچھے نہیں ہٹوں گا اور پوری ذمہ داری قبول کروں گا۔‘‘