نئی دہلی ، 28 جون (یو این آئی) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے جسٹس روی وجے کمار ملی متھ کو ہماچل پردیش ہائی کورٹ کا اگلا چیف جسٹس مقرر کیا ہے۔ ایک سرکاری نوٹیفکیشن میں پیر کے روز یہ اطلاع دی گئی ۔
مسٹر ملی متھ ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس لنگپا نارائن سوامی کے سبکدوش ہونے کے بعد یکم جولائی کو کام کاج سنبھالیں گے۔ وزارت قانون و انصاف کے تحت محکمہ انصاف کی جانب سے آج اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا
ہے۔
مسٹر ملی متھ نے بی کام اور ایل ایل بی کی تعلیم حاصل کی ہے۔ انہوں نے28 جنوری 1987 کو وکیل کی حیثیت سے خود کو رجسٹرڈ کرایا اور کرناٹک ہائی کورٹ ، مدراس ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں سول ، فوجداری ، آئینی ، لیبر ، کمپنی ،سروسز کے معاملات میں 20 سال تک پریکٹس کی۔ مسٹر ملی متھ 18 فروری 2008 کو کرناٹک ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج اور 17 فروری 2010 کو مستقل جج کے طور پر مقرر ہوئے تھے۔ ان کا 7 جنوری 2019 کو ہماچل پردیش ہائی کورٹ میں تبادلہ کیا گیا تھا۔