نئی دہلی/14مارچ(ایجنسی) کانگریس کے سینئر لیڈر اور ترجمان tom-vadakkan ٹام وڈکن نے آج یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کا دامن تھام لیا اور کہا کہ کانگریس نے ملک کے خلاف رخ اختیار کرلیا ہے جس سے ان کے پاس پارٹی چھوڑنے کے علاوہ کوئی متبادل نہیں رہ گیا تھا۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے ٹام وڈکن کو پارٹی میں شامل کیا۔
کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کے قریبی رہے وڈکن کیرالہ کے
تریچور ضلع کے رہنے والے ایک رومن کیتھولک خاندان سے آتے ہیں۔ بی جے پی میں ان کے شامل ہونےسے پارٹی کو کیرالہ میں فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر وڈکن نے کہا کہ انہوں نے بہت بھاری دل سے کانگریس چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک پر پاکستانی دہشت گردوں کے حملے اور ہندوستان کے جواب پر جیسا رد عمل کانگریس نے ظاہر کیا، اس سے انہیں بہت دکھ پہنچا ہے۔ ہندوستان کے فوجی دستوں کی وفاداری پر سوال اٹھایا گیا تو ان سے رہا نہیں گیا۔ انہوں نے کہا،"بات نظریہ کی نہیں، حب الوطنی کی ہے۔ اگر سیاسی پارٹیاں ایسا رخ اختیار کرلیں جو ملک کے خلاف ہو تو میرے پاس کوئی متبادل نہیں بچتا سوائے ایسی پارٹی چھوڑنے کے"۔