سری نگر، 13 فروری (ایجنسی) وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے گوپالپورہ چاڈورہ میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دو جنگجو مارے گئے ہیں۔
کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا "چاڈورہ میں ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دو جنگجو مارے گئے۔ مسلح تصادم کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ مہلوک جنگجو کی شناخت اور وابستگی معلوم کی جارہی ہے"۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گوپالپورہ چاڈورہ میں جنگجوﺅں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فورسز اور ریاستی پولیس کے ایس او جی نے مذکورہ علاقہ میں گذشتہ رات دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود جنگجوﺅں نے
فورسز اور ایس او جی کی مشترکہ پارٹی پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم چھڑ گیا جس میں دو جنگجو مارے گئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مہلوک جنگجوﺅں کی لاشیں برآمد کرکے شناخت کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تصادم کے دوران فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مسلح تصادم کے نزدیک احتجاجیوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھڑک اٹھی ہیں۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع بڈگام میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔ اس دوران ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا 'عوام الناس سے ایک بار پھر التماس ہے کہ وہ جھڑپ کی جگہ جانے سے گریز کریں کیونکہ وہاں پر ممکنہ بارودی مواد موجود ہونے کے باعث خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔لوگوں سے گذارش کی جاتی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کریں اور جب تک جھڑپ کی جگہ کو صاف کرکے محفوظ قرار نہ دیا جائے تب تک تصادم کی جگہ جانے سے اجتناب کیا جائے'۔