سری نگر ، 22 اکتوبر (ایجنسی) جموں وکشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں پیش آئی شہری ہلاکتوں کے سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ پولیس نے اہلیان کشمیر سے اپیل کی ہے کہ وہ مسلح تصادم کی جگہ کو محفوظ قرار دیے جانے تک وہاں کا رخ نہ کریں۔
پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا "عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جھڑپ کی جگہ کو محفوظ قرار دینے تک وہاں کا رخ نہ کریں تاکہ قیمتی جانیں تلف ہونے سے بچ سکیں۔ لوگوں کو چاہئے کہ وہ اس سلسلے میں تعاون کریں تاکہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوپائیں۔
Nastaleeq"; font-size: 18px; text-align: start;">پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے"۔
خیال رہے کہ کولگام کے لارو نامی گاؤں میں اتوار کو مسلح تصادم کے مقام پر ایک پراسرار دھماکے اور سیکورٹی فورسز کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 6 عام شہری ہلاک جبکہ قریب 4 درجن دیگر زخمی ہوگئے۔ اس سے قبل مسلح تصادم میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے جیش محمد سے وابستہ 3 مقامی جنگجو مارے گئے ۔ پولیس کے بیان میں کہا گیا "کولگام میں اتوار کو سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں کالعدم تنظیم جیش محمد سے وابستہ تین جنگجو مارے گئے۔ چنانچہ علاقے کو محفوظ قرار دینے سے قبل ہی لوگوں کا ایک ہجوم جھڑپ کی جگہ پہنچ گیا تو اسی دوران دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 6عام شہری موقعے پر ہی جاں بحق ہوئے"