کھٹمنڈو، 22 اگست (ایجنسی) وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے جمعرات کے روز یہاں نیپال کی صدر ودیا دیوی بھنڈاری سے یہاں خیرسگالی ملاقات کی۔
ڈاکٹر جے شنکر اس وقت ہند نیپال مشترکہ کمیشن کے پانچویں اجلاس کی شریک صدارت کرنے نیپال کے دورے پر ہیں۔
نیپال کے وزیر خارجہ پردیپ کمار گیاولی اور ڈاکٹر جے شنکر نے اس اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان نیپال دوطرفہ تعلقات کی توسیع کا مکمل جائزہ بھی
لیا۔
ڈاکٹر جے شنکر مسٹر گیاولی کو مرکزی حکومت کی جانب سے 80.71 کروڑ روپئے کا چیک بھی پیش کریں گے جیساکہ حکومت ہند نے نیپال کے ترائی علاقوں میں سڑکوں کی بہتری کے لئے 500 کروڑ روپے دینے کا وعدہ کیا ہے۔ زیر تعمیر سڑکوں میں سے چار منصوبے افتتاح کے لئے تیار ہیں۔
نیپال ہندوستان مشترکہ کمیشن کا قیام جون 1987 میں ہوا تھا۔ اس کی میٹنگیں باری باری سے نیپال اور ہندوستان میں ہوتی ہیں۔ مشترکہ کمیشن کی آخری میٹنگ اکتوبر 2016 میں نئی دہلی میں ہوئی
تھی۔