جموں، 11 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندرا سنگھ اور مرکزی وزیر مملکت برائے یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کرن رجیجو ہفتے کے روز جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر علاقے میں تعمیر ہونے والے ارون جیٹلی میموریل سپورٹس کمپلیکس کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سنگ بنیاد ڈالیں گے سنگ بنیاد کی تقریب میں جموں و کشمیر یونین ٹریٹری کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا اور ان کے مشیر فاروق احمد خان جو محکمہ یوتھ سروسز اور سپورٹس کے انچارج بھی ہیں، بھی شرکت کریں گے۔
بین الاقوامی سطح کا یہ سپورٹس اسٹیڈیم سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر آںجہانی
ارون جیٹلی کے نام وقف کیا گیا ہے۔
بتادیں کہ آنجہانی ارون جیٹلی، جن کا انتقال سال گزشتہ 24 اگست کو ہوا تھا، کو ہیرا نگر جو ان کی بیوی کا آبائی وطن ہے، کے ساتھ گہرا لگاؤ تھا۔
آنجہانی ارون جیٹلی کی زوجہ سنگیتا جیٹلی جموں و کشمیر کے نامور کانگریس لیڈر گرداری لال ڈوگرہ کی صاحبزادی ہیں۔
ڈاکٹر جیتندرا سنگھ نے کہا کہ اسٹیڈیم تیار ہوتے ہی یہاں کھیل سرگرمیاں شروع ہوں گی جن میں سرحدی علاقوں کے کھلاڑی بھی حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کی جلوہ نمائی کریں گے۔
متعلقہ محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ اسٹیڈیم دسہرا گراؤنڈ کے نزدیک دو سو کنال اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔