سری نگر،5 جنوری (ایجنسی) جمعہ کی دوپہر سے شروع ہوئی بھاری برف باری کے باعث وادی کشمیر کا بیرونی دنیا سے زمینی وفضائی رابطہ منقطع ہوا ہے۔
ٹریفک پولیس کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ وادی کشمیر کو بیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی واحد سرینگر۔ جموں قومی شاہراہ ہفتہ کو بھی بھاری برف باری کی وجہ سے بند رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کے متعدد مقامات بشمول جواہر ٹنل، بانہال، شیطانی نالہ اور قاضی گنڈ پر بھاری مقدار میں برف جمع ہوئی ہے جس کے باعث شاہراہ کو بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ گذشتہ روز کے دوپہر سے ہی پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے شاہراہ ٹریفک کی نقل وحمل کیلئے بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ برف باری جاری رہنے کی وجہ سے بارڑر روڑس آرگنائزیشن کو بھی برف ہٹانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ محکمہ موسمیات نے مزید برف باری کی پیش گوئی کی ہے لہذا شاہراہ کو ٹریفک پولیس اور
بارڑر روڑس آرگنائزیشن کی طرف سے گرین سگنل حاصل ہونے کے بعد ہی تریفک کی نقل وحمل کیلئے کھولا جاسکتا ہے۔
دریں اثنا سرکاری ذرائع کے مطابق جموں کی طرف رواں بھاری تعداد میں ٹرکیں اننت ناگ اور قاضی گنڈ کے مقامات پر درماندہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز زائد از گیارہ سو ٹرکیں اور تیل ٹینکر دن کے دو بجے سے قبل ٹنل کو پار کرنے میں کامیاب ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ مسافر بردار گاڑیوں جو اننت ناگ اور قاضی گنڈ کے درمیان درماندہ ہیں ،کو واپس اپنے اپنے مقامات کی طرف چلنے کو کہا جائے گا۔
بھاری برف باری کی وجہ سے درجنوں دور افتادہ دیہات کا ضلع صدر مقامات سے سڑکیں بند ہونے وجہ سے رابطہ منقطع ہوا ہے۔ سدھنا ٹاپ پرگزشتہ روز ایک خاتون اس وقت سردی کی وجہ سے از جان ہوئی جب گاڑی برف کی وجہ سے بند ہونے کی وجہ سے کم سے کم چالیس مسافر پیدل سفر کررہے تھے۔
ادھر بھاری برف باری کے باعث وادی میں ریل سروس بھی معطل ہے۔