بھوپال، 28 مئی (یو این آئی) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج کہا کہ کچھ لوگ یوگا کو مذہب سے جوڑ رہے ہیں جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔
مسٹرکووند آج یہاں آروگیہ بھارتی کے زیر اہتمام ایک قوم، ایک صحت - موجودہ وقت کی ضرورت پر ’آروگیہ منتھن‘ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے صحت مند رہنے کے لیے سادہ طرز زندگی، متوازن غذا اور یوگا وغیرہ پر زور
دیا۔
اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ غلط فہمی پھیلانے کے لیے یوگا کو مذہب سے جوڑدیتے ہیں جو کہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ ایک مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی ڈاکٹر کے پاس اگردومذہب کے لوگ جائیں اورڈاکٹر انہیں یوگاآسن کرنے کو کہیں تو کسی بھی مذہب کا شخص ڈاکٹر کی مخالفت نہیں کرے گا کیونکہ اسے اپنی صحت کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی بہتری کے لئے وہ شخص یوگاضرورکرے گا۔