نئی دہلی،20دسمبر(ایجنسی)دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کو بہار کے سابق وزیراعلی لالو پرساد یادو کوریلوے کیٹرنگ اور ٹورزم کارپوریشن (آئی آرسی ٹی سی)گھپلا معاملے میں عبوری ضمانت دی ہے۔یہ معاملہ مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی) اور اینفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)نےدرج کیا تھا
گزشتہ سال جولائی میں سی بی آئی نے اس وقت ریلوے کے وزیر لالو پرساد یادو ،ان کی اہلیہ رابڑی دیوی،بیٹے تیجسوی یادو اور سابق مرکزی وزیر پریم چند گپتا کی اہلیہ سرلا گپتا ،سوجاتا ہوٹل اور چانکیا ہوٹل کے دونوں مالکان وجے اور ونے کوچر کے علاوہ ڈیلائٹ مارکٹنگ کمپنی جو اب لارا پروجیکٹس کے نام سے جانی جاتی ہے اور اس وقت آئی آر سی ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر پی کے گوئل کے خلاف کوچرکو بے جا فائدہ پہنچانے کے لئے اپنے
عہدے کا غلط استعمال کرنے جرم میں معاملہ درج کیا تھا ۔
لالو پرساد یادو اس وقت رانچی جیل میں بند ہیں۔صحت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں رانچی سے لاکر عدالت کے سامنے پیش نہیں کیاگیا اس لئے وہ عدالت کے سامنے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پیش ہوئے اور اپنی ضمانت کی درخواست پیش کی جبکہ سی بی آئی اور ای ڈی نے اس عرضی کی یہ کہتے ہوئے مخالفت کی کہ وہ ایک بااثر شخصیت ہیں اوراگر انہیں ضمانت ملی تو وہ معاملے کی تفتیش کو متاثر کرسکتے ہیں۔
سی بی ا ٓئی کے خصوصی جج ارون بھاردواج نےمعاملے کی سماعت کے بعد لالو پرسادکو عبوری ضمانت دے دی اور تفتیشی ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ ضمانت کی عرضی کا جواب فائل کرے اور 19جنوری کو ہونے والی اگلی سماعت کےلئے معاملہ طے کرے۔