نئی دہلی، 5 جون (یو این آئی) محنت و روزگار کے مرکزی وزیر سنتوش گنگوار نے کورونا وائرس کی عالمی وباء کے قہر کا مقابلہ کرنے اور مضبوط تر بننے کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے کے سمت میں ہندوستان کی عہدبندی کا اعادہ کیا ہے۔
مسٹر سنتوش گنگوار نے گزشتہ شام انٹرنیشنل لیبر کانفرنس کے 109 ویں اجلاس میں تحریک ناوابستہ کے وزراء محنت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء سے دنیا بھر میں جان و مال کے نقصان، اقتصادی
مندی، معاشرے کے تمام طبقات پر منفی اثرات اور خاص طور پر کمزور طبقوں کو زیادہ غیر محفوظ حالت میں دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی نگہداشت کے نظام، سماجی تحفظ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے بہتر تعاون کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو عالمی وباء سے نمٹنے اور پالیسی کی سطح پر ایک موثر رد عمل دینے کی ضرورت ہے، تاکہ کاروباری تسلسل، آمدنی کا تحفظ اور سب سے بڑھ کر سب لوگوں کی فلاح و بہبود کو متوازن کیا جاسکے۔