نئی دہلی، 24 جون (یو این آئی) سپریم کورٹ نے جمعرات کے روز تمام ریاستی بورڈوں کو اپنے بارہویں درجے کے منسوخ امتحانات کے نتائج کے لئے تجزيہ کے منصوبہ کا نوٹیفکیشن 10 دنوں کے اندر جاری کرنے کی ہدایت دی۔
جسٹس اے ایم خانویلکر اور جسٹس دنیش مہیشوری کی تعطیلی ڈویژن بنچ نے تمام ریاستی بورڈوں کو ہدایت دی کہ وہ داخلی تجزیے کی بنیاد پر 31 جولائی تک نتائج جاری کریں۔
ڈویژن بنچ نے کہا کہ یہ حکم تمام ریاستی بورڈوں کے لئے یکساں ہے۔ عدالت نے کہا کہ
تمام ریاستی بورڈ اپنے منصوبے کو آج سے دس دنوں کے اندر عام کریں۔ ان بورڈوں کو سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای کو دی گئی مدت کے مطابق 31 جولائی تک داخلی تجزیے کے ذریعے امتحانات کے نتائج جاری کرنے ہوں گے۔
عدالت نے کہا کہ وہ یکساں اسکیم کے لئے کوئی رہنما اصول جاری نہیں کررہی ہے، کیونکہ تمام ریاستی بورڈوں کے لئے یکساں تجزيے کی اسکیم ممکن نہیں ہے۔
دریں اثناء، عدالت نے حکومت آندھراپردیش کے امتحانات کے انعقاد کے فیصلے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔